لیاری کی ترقی یہاں رہنے والے عوام کی طرح میری بھی شدید ترین خواہش ہے، شاہجہان بلوچ

جمعرات 12 فروری 2015 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) لیاری سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے کہاہے کہ لیاری میں رہنے والے ہرانسان کی طرح میری بھی شدیدترین خواہش ہے کہ ہمارالیاری ترقی کی آخری حدوں کو چھوئے اور پوری دنیامیں لیاری کانام جگمگاتے ستارے کی مانند منفرد اورباوقارنظرآئے۔ یہ بات انہوں نے لیاری یوسی9کے رہائشیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی یوسی9لیاری کے صدر عبداللہ بلوچ، جنرل سیکریٹری میرزمان موندرہ، اعجازبلوچ، سرفرازاحمدغازی ودیگر بھی موجودتھے۔ شاہجہان بلوچ نے کہاکہ لیاری کی ترقی کے لئے یہاں رہنے والے 20لاکھ افرادمیں سے ہر ایک فردکو اپنامثبت کردارایمانداری ،دیانت اور محنت سے اداکرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے بے لوث خدمت کے اصولوں پر کام کیا اپنے حصے کا کرداربخوبی انجام دیاتو وہ دن دورنہیں جب لیاری بھی ہمیں اور دنیاکو ایک ایسے گھرکی مانند دکھائی دے گا جس میں ہرزبان ،ہرمذہب، ہررنگ اور ہر نسل کے لوگ اپنے دلوں میں موجود تمام ترمحبتوں کے رشتوں کے بندھن میں بندھے نظر آئیں گے جہاں کاہر بچہ قلم کے ہتھیارکے اپنے روشن مستقبل کی جدوجہد کرتانظرآئے گا، جہاں اسپورٹس کے میدانوں میں موجودہمارے کھلاڑی ایک بارپھر بین الاقوامی سطح پر کھیلیں گے،اور دیارغیر میں اپنے پیارے وطن کا سبز ہلالی پرچم تھام کر جیت کی شان اورفخرکے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

وفد کے اراکین نے شاہجہان بلوچ کی کاوشوں کوسراہااور لیاری کی ترقی کی جنگ میں کامیابی کی دعادی۔

متعلقہ عنوان :