کراچی چیمبرکے تحت ”مائی کراچی“نمائش ،10اپریل2015سے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی

کراچی کے تاجروصنعتکار اپنی جانوں کو خطرات لاحق ہونے اور امن وامان بگڑتی صورتحال کے باوجود صنعتیں اور کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں،سراج قاسم تیلی

جمعرات 12 فروری 2015 23:49

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی ) سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ کے سی سی آئی کے زیراہتمام12ویں سالانہ ” مائی کراچی “ نمائش جوش و جذبے کے ساتھ 10تا12اپریل2015تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی جس کا مقصد کراچی کے سافٹ امیج کو اجاگرکرنا ہے۔

نمائش میں مجموعی طور پر 263 اسٹالز لگائے جائیں گے جن کیلئے 6 ہال بک کئے گئے ہیں۔ نمائش میں انڈونیشیا، ترکی سمیت دیگر ممالک بھی شرکت کریں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز کراچی چیمبر میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔اس موقع پربی ایم جی کے وائس چیئرمین انجم نثار،کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ،سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی،نائب صدرآغا شہاب احمد خان،کے سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی برائے ”مائی کراچی“نمائش کے چیئرمین محمد ادریس،سابق صدور میاں ابرار احمد، محمد ہارون اگر ، اے کیو خلیل اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سراج قاسم تیلی نے بتایا کہ سال 2004ء میں ہم نے ”میرا کراچی امن کا گہوارہ“ کا سلوگن پیش کرتے ہوئے مائی کراچی نمائش کا آغاز کیا، یہ نمائش بے حد کامیاب رہی اور اب مسلسل 12 ویں سال اس نمائش کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائی کراچی نمائش کے ذریعے نہ صرف مقامی تاجروں اور صنعتکاروں میں اعتماد پیدا کر رہے ہیں بلکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو کراچی لانے کی بھی کوششیں کر رہے ہیں۔

سراج قاسم تیلی نے کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم اسنیچنگ کی وارداتوں پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سراج قاسم تیلی نے بتایا کہ خواتین اور ہنرمندوں کو مائی کراچی نمائش میں رعایتی نرخ اور بلامعاوضہ اسٹالز فراہم کریں گے جبکہ چھوٹے تاجروں کیلئے بھی رعایت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال مائی کراچی نمائش کو دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور 6 لاکھ سے زائد افراد اس نمائش کو دیکھنے اور خریداری کیلئے ایکسپو سینٹر کا رخ کرتے ہیں۔ ایک اور سوال پر سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ماضی کی تلخیاں بھلا کر شہر کے بہتر مفاد میں ہم بزنس مین گروپ کے دوسرے دھڑے کے ساتھ چلیں گے اور ایک دوسرے کی آواز بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تجارتی الائنس یا کونسل کی قانونی حیثیت نہیں بلکہ جو ٹریڈ باڈیز وزارت تجارت سے لائسنس حاصل کئے ہوئے ہوں یا ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہو وہی قانونی حیثیت کے حامل ہیں۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ نے کہا کہ مائی کراچی نمائش میں اس سال ایک نئے شعبے ڈیزائننگ فیبرک لان کو بھی شامل کیا جائے گا، نمائش 3 روز تک جاری رہے گی۔

مائی کراچی سب کمیٹی کے چیئرمین محمد ادریس میمن نے بتایا کہ مائی کراچی نمائش میں شرکت کیلئے ترکی اور انڈونیشیا نے تصدیق کر دی ہے، انڈونیشیا کا ایک علیحدہ پویلین ہو گا، اس کے علاوہ ملائشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، ویتنام، کوریا، بنگلہ دیش سمیت دیگر کئی اہم ممالک نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی قومی خزانے میں 67سے68فیصدریونیوجمع کراتا ہے جبکہ کراچی کے تاجروصنعتکار اپنی جانوں کو خطرات لاحق ہونے اور امن وامان بگڑتی صورتحال کے باوجود صنعتیں اور کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ اس شہر اور اس کی مٹی سے محبت کرتے ہیں اورکبھی بھی اس شہر کو چھوڑنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

سراج قاسم تیلی نے اس موقع پر بتایاکہ جب وہ کراچی چیمبر کے صدر تھے تو اُس وقت انہوں نے کراچی کے منفی تاثر کو دور کرنے کی اشد ضرورت محسوس کی جوکہ میڈیا باالخصوص مغربی میڈیا کے منفی پروپیگنڈا کا نتیجہ تھا تاہم اس منفی تاثر کو زائل کرنے کے لیے 2004میں ”مائی کراچی“نمائش کے انعقادکا فیصلہ کیا گیا اور تاحال کامیابی کے ساتھ اس کا پابندی سے انعقاد کیاجارہاہے۔

انہوں نے نمائش کو کامیاب اور بہتر بنانے میں بی ایم جی کے کراچی چیمبر میں تمام سابق صدور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہر سال کی طرح اس نمائش کو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے منعقد کرنے اور کامیاب بنانے کے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔کراچی چیمبرکے صدر افتخار احمدوہرہ نے”مائی کراچی“نمائش کے بنیادی مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ نمائش کراچی کے مثبت اورسافٹ امیج کوفروغ دینے کاباعث ہوگی اس میگا ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی اور مقامی وفود کے علاوہ نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔

انہوں نے میڈیا سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کو پرامن اور کاروبار دوست شہرکے طور پر اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کے سی سی آئی کا ساتھ دے۔کے سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی برائے ”مائی کراچی“نمائش کے چیئرمین محمد ادریس نے نمائش کے بعض اہم پہلووٴں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس سال ایکسپوسینٹر کے تمام 6ہالز میں اسٹالز لگائے جائیں گے۔

انہوں نے نمائش کو شہرکراچی کے سب سے بڑے ایونٹ سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ نمائش کنندگان کو اسٹالز پر اشیاء کی فروخت کی بھی اجازت ہو گی۔اس سال کراچی چیمبر نے ڈیزائنرر لان فیبرکس کے فروغ کے لیے خصوصی پویلین قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے جیسا کہ پاکستان کی بہترین ڈیزائنزر لان دنیا بھر میں پسندکیے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ”مائی کراچی“ کے پلیٹ فارم پراُن کی مصنوعات کو فروغ دینے کی ضرورت محسوس کی گئی۔

محمد ادریس نے کہاکہ کراچی چیمبر کی 12ویں سالانہ”مائی کراچی“ نمائش ایکسپو سینٹر کے تمام 6ہالز میں منعقد کی جائے گی جہاں مجموعی طور پر263اسٹالز لگائے جائیں گے۔نمائش میں میڈیا ہاوٴسزکو بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے براہ راست پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے شہرکراچی کے سافٹ امیج کواجاگر کرنے میں اپنا موٴثر کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے میڈیا ہاوٴسز سے کہاکہ براہ راست پروگرامز کے انعقاد سے قبل کراچی چیمبر کوآگاہ کیاجائے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے مناسب انتظامات عمل میں لائے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :