اگر الطاف حسین کے خلاف بات کرنے کی سزا موت ہے تو میں تیا ر ہوں۔ حمزہ علی عباسی

منگل 10 فروری 2015 14:41

اگر الطاف حسین کے خلاف بات کرنے کی سزا موت ہے تو میں تیا ر ہوں۔ حمزہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروی 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور مشہور اداکار و ہدایتکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف بیان دینے پر متحدہ نے مجھے قتل کرنے کی ٹھان لی ہے تو میں مرنے کے لیے تیار ہوں۔ اپنے فیس بک کے آفیشل پیج پر دئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے نا زیبا الفاظ استعمال کر کے ملک کی ایک بہادر خاتون سیاستدان کی تضحیک کی ہے۔

(جاری ہے)

اداکاری و ہدایتکاری کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی قدم رکھنے والے حمزہ علی عباسی نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا کہ مجھے تنبیہ کی گئی ہے کہ الطاف حسین کے بارے میں دئے جانے والے بیانات پر میری زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اگر ایم کیو ایم نے مجھے مارنا ہی ہے تو میں مرنے کے لیے تیار ہوں لیکن اس کے لیے ایم کیو ایم کو میرے سر میں گولی مارنا ہو گی تا کہ وہ میری موت کا یقین کر سکیں۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا المیہ یہی ہے کہ وہ کبھی بھی عوام کے مسائل پر لب کشائی نہیں کرتی۔ اور تھر پار کر میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بچوں کی اموات صوبائی حکومت کی غفلت کا ثبوت ہے۔