نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری، مختلف آپریشنز میں 10 ہزار سے زائد افراد گرفتار

ہفتہ 7 فروری 2015 10:55

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری، مختلف آپریشنز میں 10 ہزار سے زائد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری 2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پنجاب میں 9 ہزار 413، سندھ 1 ہزار 577، خیبر پختون خوا 2 ہزار 724، بلوچستان 39، اسلام آباد 336، آزاد کشمیر 720، گلگت بلتستان 21 اور فاٹا میں 56 آپریشن کئے گئے۔ ان سرچ آپریشنز کے دوران پنجاب سے 1 ہزار 934، سندھ سے 1 ہزار 533، کے پی کے سے 6 ہزار 38، بلوچستان سے 460، اسلام آباد سے 505، آزاد کشمیر سے 7، گلگت بلتستان سے 10 اور فاٹا سے 129 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں نے لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال پر 2 ہزار 35 افراد کو حراست میں لیا جن میں پنجاب میں ایک ہزار 806، کے پی کے 169، بلوچستان ایک جبکہ اسلام آباد سے 59 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ نفرت آمیز تقاریر کرنے اور مواد تقسیم کرنے پر پنجاب میں 455، کے پی کے میں 34، بلوچستان میں 4، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی الزام میں 41 دکانیں سیل کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 3 ہزار 416 افغان پناہ گزیںوں کو واپس بھیجا گیا جن میں خیبر پختونخواہ سے 2 ہزار 844، بلوچستان سے 195، اسلام باد سے ایک اور فاٹا سے 376 افغان پناہ گرین شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے رقم کی منتقلی پر 18 مقدمات درج کرکے 24 افراد کو گرفتار کیا اور 7 کروڑ 15 لاکھ روپے برآمد کئے۔ مشتبہ رقوم کی منتقلی پر 3 افراد کو گرفتار کیا گی۔ پانچ افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کئے گئے۔ نیکٹا کی ہیلپ لائن 1717 پر 161 کالز موصول ہوئیں۔ ملک بھر سے 2 کروڑ 55 لاکھ سموں کی بائیو میڑک تصدیق کی گئی۔