آئی ایم ایف 55 کروڑ ڈالر امداد دینے پر رضامند، تمام اقتصادی اہداف حاصل کئے: اسحاق ڈار

جمعرات 5 فروری 2015 19:43

آئی ایم ایف 55 کروڑ ڈالر امداد دینے پر رضامند، تمام اقتصادی اہداف حاصل ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5فروری۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ ( آئی ایم ایف) پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر امداد دینے پر رضامند ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں آئی ایم ایف حکام اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایم ایف سے مذاکرات کامیاب رہے ہیں اور آئی ایم ایف نے پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر امداد دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے جو مارچ کے مہینے میں ملنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امداد کی مد میں ملنے والی رقم سے 150 ارب روپے نیشنل ایکشن پلان اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

مالی خسارہ اور حکومتی قرضوں سمیت تمام اقتصادی اہداف حاصل کر لئے ہیں جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی 15 ارب ڈالر سے زائد ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹیکس ٹارگٹ میں کمی ہورہی ہے اور 5 ارب کے اضافی خرچ سے مالیاتی خسارہ 150 فیصد سے زائد تک پہنچ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں آئی ایم ایف نے پاکستان میں گیس کی قیمتوں میں فوری اضافے کا مطالبہ بھی کیا تھا تاہم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ابھی قیمتیںبڑھانے کیلئے ماحول سازگار نہیں ہے، حالات بہتر ہوتے ہی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔