ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی وفد کی وائس چانسلر سے ملاقات

پیر 2 فروری 2015 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری 2015ء ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا ہے کہ یوای ٹی کو عالمی رینکنگ میں بلند مقام دلانا میرا خواب ہے۔ٹی ایس اے کی مشاورت سے یوای ٹی میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔اس امر کا اظہار انہوں ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے وفد سے ملاقات میں کیا جس کی قیادت صدر ڈاکٹر سہیل آفتاب قریشی نے کی۔

وائس چانسلر نے نومنتخب ٹی ایس اے کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی خصوصا ڈاکٹر سہیل آفتاب کو11 ویں دفعہ صدر بننے پر مبارک باد دی ۔ٹی ایس اے کی نومنتخب قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوای ٹی کی ترقی واستحکام اور اساتذہ کی فلاح وبہبود کے لیے وائس چانسلر کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعہ میں میرٹ ،تحقیق اورڈسپلن کو یقینی بنا کر ہم بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

ٹی ایس اے نے جامعہ کی ویب سائٹ، آئی ٹی سنٹرمیں جدت لانے،تمام باڈیز کے الیکشنز بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے، سلیکشن بورڈ،سینٹ اور اکیڈمک کونسل کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی کیلنڈر میں تاریخوں کا شیڈول رکھنے کی تجاویز دیں۔وائس چانسلر نے ان تجاویز کو سراہا اور اسکی روشنی میں بہتری لانے کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں نائب صدور ڈاکٹر اسد نعیم شاہ،ڈاکٹر راشدجلیل،جنرل سیکرٹری محمد راشد، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر قاسم علی چوہدری، سوشل سیکرٹری مس سارہ شاہ،خزانچی محمد عامر شہزاد،جبکہ ایگزیکٹو ممبران ڈاکٹر امجد حسین، ڈاکٹر احمد شعیب، سہیل منظور، ڈاکٹر طاہر اظہار، جمال عمر، ڈاکٹر برہان شریف اور ڈاکٹر عمر راشد شامل تھے۔