ہم اسلام کی خدمت کریں گے: سعودی فرمانروا،کابینہ کے پہلے ہفتہ وار اجلاس میں مرحوم شاہ کو شاندار خراج عقیدت

پیر 2 فروری 2015 20:38

ہم اسلام کی خدمت کریں گے: سعودی فرمانروا،کابینہ کے پہلے ہفتہ وار اجلاس ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2فروری۔2015ء)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ ہم اسلام کی مسلسل خدمت کرتے رہیں گے۔ ان خِیالات کا اظہار انہوں نے امور مملکت سنبھالنے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عوام کی بہتری، عرب اور اسلامی ایشوز کی حمایت، بین الاقوامی امن کے قیام اور عالمی ترقی کے لئے مقدور بھر کوششیں کرتے رہے گے۔

انہوں نے دعا کی اللہ انہیں مملکت کی سربراہی کی امانت اس طرح ادا کرنے کی ہمت اور توفیق دے جو اس کی کا موجب ہو۔خادم الحرمین الشریفین نے سعودی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام ہر قسم کے حالات میں اسی اخلاص کے ساتھ ان کا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایسی وفادار قوم ترقی اور احترام کے لائق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کوشش کرنا ہمارا نصب العین ہے۔

سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کی جانب سے شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کو ولی عہد اور ڈپٹی وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز کو وزیر داخلہ، نائب ولی عہد اور نائب وزیر اعظم دوئم بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء کا خیر مقدم کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے وزراء کی کوششوں کو بھی سراہا۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد نئے وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی 'واس' کو ایک بیان میں کہا کہ خادم الحرمین الشریفین نے عرب، اسلامی اور بین الاقوامی سطح پر مملکت کی پالیسیوں کو سابقہ تسلسل سے جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔اجلاس کے آغاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

شاہ عبداللہ کے انتقال سے نہ صرف ہم بلکہ پوری دنیا ایک ایسے رہنما سے محروم ہو گئی ہے کہ جس نے ساری زندگی اپنے عوام اور ملک کی ترقی کے لئے صرف کی دی۔ انہوں نے اس بات کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا کہ مملکت عربیہ السعودیہ اپنے عزت ماب بانی عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود رحمہ اللہ کے متعین کردہ راستے سے سر مو انحراف نہیں کرے گی۔