ایم کیو ایم کی جانب سے ایمر جنسی کے نفاذ کا مطالبہ غیر دانشمندانہ ہے ‘ شرجیل میمن

پیر 2 فروری 2015 13:37

ایم کیو ایم کی جانب سے ایمر جنسی کے نفاذ کا مطالبہ غیر دانشمندانہ ہے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02فروی 2015ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے مطالبے کو غیردانشمندانہ قرار دیا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پر غفلت کا الزام لگانا درست نہیں، صوبائی حکومت کو سکیورٹی فورسز کا تعاون حاصل ہے، تاہم اگر ضرورت پڑی تو فوج کو بلایا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہاکہ شکار پور کا واقعہ قومی سانحہ ہے ۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے ۔ پہلے مساجد کے باہر پولیس اوررینجرز تعینات کی جاتی تھی اب سکولز اور دیگر جگہیں بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں ۔ سکولوں میں پولیس تعینات کرنا مشکل کام ہے ، مگراس پر کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جہاں ضرورت پڑتی ہے فورسز کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون ہے انہوں نے کہاکہ دہشتگردی قومی مسئلہ ہے اور پورا ملک اس کی لپیٹ میں ہے جس کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں جب کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی فورسز کی استعداد بڑھائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک صفحہ پر ہیں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردی کے کیسز کو حتمی شکل دے کر وفاق کو بھیجے جائیں گے اور وفاق کی صوابدید ہے کہ کن کیسز کو فوجی عدالتوں میں بھیجتے ہیں۔وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ دہشتگرد جہاں چاہتے ہیں اپنے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں، پہلے مساجد کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات کی جاتی تھی لیکن اب اسکولز اور دیگر جگہیں بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں اوراسکولوں میں پولیس تعینات کرنا مشکل کام ہے تاہم اس پر کام کر رہے ہیں، فورسزکی اہلیت بڑھاتے ہوئے مزید بھرتیاں کی جارہی ہیں۔