سرگودھا ،اراکین اسمبلی اور ریلوے حکام میں ٹھن گئی ،ایک روز قبل کھولے جانیوالے پھاٹک کو ریلوے حکام کی ہدایت پر بند کردیا گیا

اتوار 1 فروری 2015 22:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔1فروری۔2015ء) اراکین اسمبلی اور ریلوے حکام میں ٹھن گئی‘ ایک روز قبل کھولے جانیوالے ریلوے پھاٹک کو ریلوے حکام کی ہدایت پر بند کردیا گیا‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ‘ ایم پی ایز‘ اور انجمن تاجران کی مداخلت پر دوبارہ پھاٹک کو کھول دیا گیا‘ ریلوے حکام مذاکرات کیلئے ڈی سی او سرگودھا کی میز پر‘ کشیدگی کے باعث ایس ایس پی ریلوے راولپنڈی ڈویژن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سرگودھا پہنچ گئے‘ تفصیلات کے مطابق 5سال قبل سابق وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم احمد قریشی نے سرگودھا کے شہریوں کو اس وقت اذیت میں مبتلا کیا تھا کہ کچہری پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی منظوری ہوگئی ہے جس کا کچھ حصہ 5 سالوں میں تیار بھی ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے الیکشن میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اس پل کی تعمیر اور پھاٹک کو ترجیح بنیادوں پر کھول دیا جائیگا لیکن الیکشن میں کامیابی کے بعدیہ اراکین اسمبلی بھی لیت و لعل سے کام لیتے رہے جس پر نشتر مارکیٹ سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے آواز بلند کرنا شروع کی بالآخر مرکزی انجمن تاجران نے پھاٹک کھولنے کیلئے پرانا ٹیکسی سٹینڈ پر دھرنا دیا تھا ضلعی انتظامیہ اور اراکین اسمبلی نے تاجروں کو یقین دلایا تھا کہ عوام کیلئے ریلوے پھاٹک جلد کھول دیا جائیگا لیکن پھر بھی ضلعی انتظامیہ ریلوے پھاٹک کھلوانے میں ناکام رہی تھی ہفتہ کے روز اراکین اسمبلی جن میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید‘ ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر خواجہ احمد حنیف‘ جنرل سیکرٹری نعیم اسلم کپور‘ گروپ لیڈر شاہد کمبوہ ‘ شیخ ندیم خاور سمیت متعدد تاجر تنظیموں نے ہفتہ کے روز ریلوے پھاٹک کھول دیا تھا رات گئے ریلوے انتظامیہ نے ریلوے پھاٹک کو ایک مرتبہ پھر بند کردیا واقعہ کی اطلاع ریلوے کے اعلیٰ حکام کو بھی دی گئی کشیدگی کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ریلوے چوہدری ریاض احمد سرگودھا پہنچ گئے وہ لالہ موسیٰ‘ ملکوال‘ سرگودھا اور سلانوالی کی ریلوے پولیس بھی واقعہ کی نزاکت کے باعث کچہری پھاٹک پر پہنچ گئی‘ جبکہ دیگر ریلوے افسران اور عملہ بھی ریلوے پھاٹک پہنچ گیا دن بھر کشیدگی جاری رہی پنجاب پولیس اور ریلوے پولیس میں بھی کئی دفعہ توں تکرار کے مناظر دیکھے گئے دن 12 بجے کے قریب وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید‘ عبدالرزاق ڈھلوں اور دیگر تاجر راہنماؤں نے ایک مرتبہ پھر پھاٹک کو عوام کیلئے کھول دیا دوسری طرف ریلوے حکام ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان کیساتھ مذاکرات کیلئے ڈی سی او آفس پہنچ گئے اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی رانا غلام مرتضیٰ اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :