لاہور،ریورس ہوتے ہوئے ٹرالر کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق ،ایک شدید زخمی ہو گیا ،وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا، ٹرالرکا ڈرائیور موقع سے فرا رہو گیا ، بچوں کے ورثاء اور اہل علاقہ کالاشیں بند روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ ،جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار افسوس‘ ڈرائیور کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے‘ وزیراعلیٰ کی ہدایت

اتوار 1 فروری 2015 21:25

لاہور،ریورس ہوتے ہوئے ٹرالر کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق ،ایک شدید زخمی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔1فروری۔2015ء) شفیق آباد میں ریورس ہوتے ہوئے ٹرالر کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ، ٹرالرکا ڈرائیور موقع سے فرا رہو گیا ، بچوں کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاشیں بند روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے گاریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فرار ہونے والے ڈرائیور کوفوری گرفتارکرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز شفیق آباد کے علاقہ مالی پوری میں تین بچے شیر علی ،حسن اور فہد دیوار کے ساتھ کھڑے تھے کہ قریب واقع زیر تعمیر پلازہ کیلئے اینٹیں لے کر آنے والے ٹرالر کے ڈرائیور نے ریورس کرتے ہوئے تینوں بچوں کو دیوار کے ساتھ ٹکرا دیا جس سے شیر علی اور حسن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ فہد کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں اسکی حالت بھی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

واقع کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔ اطلاع ملنے پر بچوں کے ورثاء اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد جائے حادثہ پر جمع ہو گئے اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ بعد ازاں ورثاء اور اہل علاقہ لاشوں کو اٹھا کر بند روڈ پر آ گئے اور احتجاج شروع کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ پابندی کے باوجود بڑے ٹرالر اور ٹرالیاں دن کے اوقات میں بھی رہائشی علاقوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے مظاہرین کو فرار ہونے والے ڈرائیور کی گرفتاری اور دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے شفیق آباد کے علاقے میں ٹرالر کی ٹکر سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے بچے کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹرالر کے ڈرائیور کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔