کراچی ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہل سنت و الجماعت کے دو کارکنان سمیت تین افراد جاں بحق

اتوار 1 فروری 2015 15:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1فروری 2015ء ) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے دو کارکنان سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں 35اور60سال ہے جن میں سے ایک کی شناخت اطہر اور اظہر حسین کے نام سے ہوئی ہے ۔اہلسنت و الجماعت کے ترجمان کے مطابق مقتولین باپ بیٹا ہیں اور ملزمان نے پی سی او پر فائرنگ کی ہے باپ اور بیٹا دونوں ہی اہلسنت و الجماعت سے تعلق تھا ۔ دوسری جانب فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا اور کاروبار بند ہوگیا تھا جبکہ کسی بھی واقعہ سے نمٹانے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو علاقے میں تعینات کردیا گیا تھا ۔جبکہ نیوکراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔