مسلم لیگ ن کا پنجاب میں سینٹ کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنیکا فیصلہ

ہفتہ 31 جنوری 2015 00:01

مسلم لیگ ن کا پنجاب میں سینٹ کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنیکا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31جنوری۔2015ء) مسلم لیگ ن نے پنجاب میں سینٹ کی گیارہ کی گیارہ نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے تمام نشستوں پر کامیابی یقینی بنانے کے لئے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب کے اہم وزراء اور ارکان اسمبلی کا اجلاس ماڈل ٹاون میں منعقد ہوا جس میں سینٹ انتخابات کے لئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب سے سینٹ کی گیارہ کی گیارہ نشتیں جیتنے کی کوشش کی جائے گی اور تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔ سینٹ حکمت عملی اور ارکان سے رابطوں کے لئے رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس میں حمزہ شہباز ، راجہ اشفاق سرور ، ملک ندیم کامران ، مجتبی شجاع الرحمن ، بلال یسین ، رانا محمد ارشد اور دیگر سینئر رہنما شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سینٹ کی تیاریوں اور ارکان سے موثر رابطوں کے لئے اگلے ہفتے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو سینٹ کے انتخابات تک جاری رہے گا جبکہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر لیگی ارکان کو بھی سینٹ حکمت عملی پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ ن لیگ سینٹ کے انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی۔ واضح رہے سینٹ کے انتخابات تین مارچ کو ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :