دہشت گردوں کی فنڈنگ نہ روکی گئی تو فوجی عدالتیں بھی ناکام ہوجائیں گی‘ سینیٹر اعتزاز احسن ،چوہدری سرور کے مستعفی ہونے پر نہیں ،انہیں گورنر لگائے جانے پر حیرت ہوئی تھی‘ پیپلز پارٹی کے رہنما کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 31 جنوری 2015 20:57

دہشت گردوں کی فنڈنگ نہ روکی گئی تو فوجی عدالتیں بھی ناکام ہوجائیں گی‘ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31جنوری۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے، دہشت گردوں کی فنڈنگ نہ روکی گئی تو فوجی عدالتیں بھی ناکام ہوجائیں گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو کونسا کیس بھیجنا ہے یہ سویلین حکومت کی صوابدید ہے ۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، اسی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے حق میں ووٹ دیا ۔ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے مستعفی ہونے پر نہیں بلکہ انہیں گورنر لگائے جانے پر حیرت ہوئی تھی۔ چوہدری محمد سرور کو شوکت عزیز اور معین قریشی کی طرح درآمد کیا گیا تھا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ 15روز گزرنے کے بعد بھی حکومت نے وائٹ پیپر پر جواب نہیں دیا، جوڈیشل کمیشن نہ بناکر حکومت دھاندلی پر پردہ ڈال رہی ہے۔