سانحہ شکار پور، 68شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،علاقے میں کہرام مچ گیا،رقت آمیز مناظر، صوبہ بھر میں سوگ کا سماں، شیعہ تنظیموں کی اپیل پر ہڑتال ، علامہ ساجد نقوی کا کل ملک گیر یوم ا حتجاج کا اعلان، شہداء کے خون نے قوم کو متحد کردیا ،حسن ظفر نقوی، دہشت گردوں کوکیفرکردار تک پہنچایا جائے،عارف واحدی

ہفتہ 31 جنوری 2015 18:35

اسلام آباد/کراچی/شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31جنوری۔2015ء) سانحہ امام بارگاہ کربلا معلی کے 68شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، ایک ساتھ درجنوں جنازے اٹھتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا، رقت آمیز مناظر،صوبہ بھر میں سوگ کا سماں،سندھ بھر میں شیعہ تنظیموں کی اپیل پر ہڑتال ، علامہ ساجد نقوی کی کال پر کل پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے، علامہ حسن ظفر نقوی نے کہاکہ شہداء کے خون نے قوم کو متحد کردیا جبکہ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کوکیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سانحہ شہداء شکار پورکے 41 شہداء کی نماز جنازہ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر سید ارشاد حسین شاہ کی اقتداء میں ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، علامہ سید ناظر عباس تقوی، علامہ اسد اقبال زیدی، علامہ ریاض حسین الحسینی، مجلس وحدت مسلمین ، جعفریہ الائنس سمیت دیگر سیاسی و مذہبی تنظیموں کے مرکزی رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ دیگر شہداء کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئیں ۔

(جاری ہے)

شکارپور میں شہداء کے نماز جنازہ کے موقع پر شرکاء لبیک یاحسین  کے نعرے لگاتے رہے اور حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے۔نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو میں علامہ عارف واحدی نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔ ادھر کراچی سمیت سندھ بھر میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، جعفریہ الائنس کی اپیل پر ہڑتال رہی جس کے باعث بازار بند رہے۔

نمائش چورنگی پر مجلس وحدت مسلمین نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے ا حتجاجی مظاہرے کے بعد مجلس عزا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے خون نے قوم کو متحد کردیاہے۔ ادھر سندھ کے شہروں گھوٹکی،حیدر آباد، سکھر، میر پورخاص، ٹنڈومحمدخان، ٹنڈوالہ یار، لاڑکانہ، ماتلی سمیت کئی شہروں میں شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کیا اور قاتلوں کی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

ادھر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کی کال پر کل (اتوار) ملک بھر میں شیعہ تنظیمیں یوم احتجاج منائیں گی۔ سانحہ شکار پور لکھی در کے خلاف ملک بھر کے تمام شہروں کی طرح شیعہ علماء کونسل اسلام آباد/راولپنڈی کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے کل ( اتوار)دوپہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جس کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری مالیات علامہ مشتاق حسین ہمدانی کرینگے جبکہ مظاہرے میں ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل اسلام آبادعلامہ سیدوزیر حسین کاظمی ،جنرل سیکرٹری تصور عباس ،سید محمد علی کاظمی ،ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی مولانا غلام قاسم جعفری‘ ڈویژنل جنرل سیکریٹری سید محمود نقوی‘ ضلعی جنرل سیکرٹری سید نزاکت نقوی ،مولانا سید محفوظ الحسنین کاظمی‘ مولانا سید ناصر عباس نقوی‘ ‘ سید راحت کاظمی سمیت علماء کرام ،معززشہری ،شیعہ علماء کونسل،جعفریہ یوتھ ،جے ایس او کے عہدیداران سمیت ماتمی سنگتوں کے سالار و کارکنان کی بڑی تعداد شر کت کرینگے ۔

احتجاج کے بعدشہداء کے خانوادوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خصوصی دعا کی جائے گی۔