گڈاپ کے قحط زدہ علاقوں موئیدان اور کنڈ جھنگ کو پانی کی فراہمی بند

ہفتہ 31 جنوری 2015 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) گڈاپ کے قحط زدہ علاقوں موئیدان اور کنڈ جھنگ کو پانی کی فراہمی بند۔ڈی ایم سی انتظامیہ نے پانی کے ٹینکر واپس بلا لیے، علاقے میں پانی کی شدید قلت ،پانی کے پیاسے سڑکوں پر نکل آئے، کمشنر کراچی سے رابطہ، پانی کی جلد فراہمی کا وعدہ۔ہمیں زندہ درگور کرنے کی سازشیں بند کی جائیں ، پانی نہ ملا تو کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاج کرینگے : متاثرین کے صحافیوں سے گفتگو ۔

تفصیلات کے مطابق؛ گڈاپ میں گذشتہ تین سال سے برساتیں نہ ہونے کے باعث پسماندہ علاقوں موئیدان ، کنڈ جھنگ، تراڑی سمیت 12دیہوں میں پانی کی شدید قلت کے باعث قحط سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، عوامی احتجاج کے بعد ڈی ایم سی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی شروع کی تھی جو ایک ماہ کے بعد گذشتہ روز بند کردی گئی ہے جس کے باعث علاقے میں پانی کی سخت قلت پیدا ہوگئی ہے ، علاقے کے سماجی رہنماوٴں محمد عالم چھٹو ، اکبر چھٹو ، عظیم چھٹو و دیگر نے صحافیوں سے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ اچانک پانی کے ٹینکر واپس بلا لیے گئے ہیں اور علاقہ مکینوں میں پانی کی قلت کے باعث شدید بے چینی پھیل گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ہم نے اس سلسلے میں ڈی ایم سی ملیر کے افسران سے رابطہ کیا تو انہوں نے کال نہیں اٹھائی جب کہ کمشنر کراچی نے فون اٹینڈ کیا تو ہم نے اسے پانی کی قلت اور اچانک پانی کی فراہمی بند کرنے سے آگاہ کیا تو انہوں نے پانی کی جلد فراہمی شروع کرنے کا وعدہ کیا ، انہوں نے مزید بتایا کہ جب ہم نے پیپلز پارٹی گڈاپ کے صدر علی احمد جوکھیو سے بات کی تو اانہوں نے کہا کہ پانی ہم نے بند کیا ہے کچھ دن انتظار کرو دوبارہ پانی بحال کرینگے ۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ علاقے میں تشویشناک صورتحال ہے اور ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، اگر پانی کی فراہمی جلد شروع نہ کی گئی تو ہم کمشنر کے دفترکے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے ۔

متعلقہ عنوان :