پٹرول کی قیمتوں میں کمی ،سیلز ٹیکس میں ایک ساتھ اضافہ منافقت ہے، عوامی تحریک

ہفتہ 31 جنوری 2015 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام کشمکش میں ہیں کہ وزیراعظم کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنے پر مبارکباد دیں یا جی ایس ٹی میں اضافہ پر انکی مذمت کریں؟وزیراعظم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی بازگشت بھی نہیں تھمی تھی کہ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس میں دوسری بار اضافہ کر دیا۔

جاری بیان میں انہوں نے وزیراعظم اور ایف بی آر کی شعبدہ بازی کی مذمت کی ہے۔ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اور سیلز ٹیکس میں ایک ساتھ اضافہ منافقت اور عوام سے مذاق ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ماہ میں دوسری بار سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 17سے 22فیصد اب دوسری بار22سے بڑھا کر 27فیصد کر دیا گیااور یہ عوام سے ریلیف چھیننے کی اوچھی حرکت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ اپنے عوام کو پہنچا رہی ہیں مگر پاکستان کے حکمران عوام سے ریلیف چھیننے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافہ شدہ سیلز ٹیکس فی الفور واپس لیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کی شرح کے مطابق کمی کی جائے جو 20 روپے لیٹر بنتی ہے۔