انوکھے چور، جن کا چوری کیا ہوا مال ان کے گھر پہنچ جاتا

ہفتہ 31 جنوری 2015 16:17

انوکھے چور، جن کا چوری کیا ہوا  مال ان کے گھر پہنچ جاتا

چیشائر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری2015ء) چوری کرنا وہ “فن” ہے جس میں کوئی ایک چور پرفیکٹ نہیں ہو سکتا۔ ہر چور کی اپنی اپنی خاصیت ہوتی ہے۔کچھ چور سیدھے سادھے انداز میں چوری کرتے ہیں، پکڑے جاتے ہیں اور جیل کی ہوا کھاتے ہیں جبکہ کچھ کوئی ایسا انوکھا طریقہ اپناتے ہیں کہ ایک دفعہ تو عقل دنگ رہ جائے۔ سٹورز سے ڈی وی ڈیز چرانا کوئی نئی بات نہیں، شاید کچھ منچلے صرف ایڈونچر کے لیے ہی ایک دو ڈی وی ڈی اٹھا لیتےہوں مگر کیا کہیں ان انوکھے چوروں کا جن کی چوری کی ہوئی ڈی وی ڈیز ان کے گھروں میں پہنچتی رہیں۔

برطانیہ میں چیشائر کی ایک سپرمارکیٹ میں قائم وال مارٹ کے ملکیتی ASDA سٹور میں چور کافی عرصے سے سٹور کی انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے تھے۔چور سٹور سے ڈی وی ڈیز اور دوسرا سامان چوری کر کے لفافوں میں پیک کرتے ، ان پر اپنا پتہ لکھتے اور سٹور میں ہی موجودپوسٹ آفس کے کاؤنٹر سے خود کو بھیج کر خالی ہاتھ سٹور سے باہر آ جاتے۔

(جاری ہے)

سٹور سے باہر آتے ان کےہاتھ میں چوری کیا ہوا سامان نہ ہونے کی وجہ سے کوئی ان پر شک بھی نہ کرتا۔ اس طرح کی واردات کے سامنے آنے کے بعد سٹور کی انتظامیہ نے پیکنگ اور پوسٹ آفس کے کاؤنٹرز کی جگہ تبدیل کر دی ہے۔سٹور کی انتظامیہ کے مطابق اب یہ پولیس معاملہ ہے جسے وہ اپنے انداز میں دیکھے گی۔