ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کالاباغ ڈیم کے حوالے سے قرار دادپنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

ہفتہ 31 جنوری 2015 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے لئے صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے حوالے سے قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کروائی گئی قرار دادمیں کہاگیاہے کہ”اس ایوان کی رائے یہ ہے کہ وفاقی حکومت فی الفور ملک میں بڑے آبی ذخائر مثلاً کالاباغ ڈیم وغیرہ کی تعمیر کے لئے صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے اقدامات شروع کرے تاکہ ملک میں بجلی اور آب پاشی کے لئے پانی میں کمی کے بحران پر قابوپایاجاسکے“۔

علاوہ ازیں میڈیاکوجاری کردہ بیان میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ کالاباغ ڈیم اوردیگرڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ہمسایہ ملک بھارت ہمارے دریاؤں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کررہاہے جبکہ ہمارے ہاں کالاباغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کوسیاست کی نذر کردیاگیا ہے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت دن بدن آبی جارحیت میں اضافہ کررہا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان کالاباغ ڈیم کے حوالے سے ملک میں موجود خدشات کودور کرتے ہوئے قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کویقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے بجلی کے بحران پرقابوپانے کے ساتھ ساتھ 60لاکھ ایکڑزمین کوقابل کاشت بنایاجاسکتا ہے اس سے خوشحالی کاایک نیادور شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :