فیصل آباد،تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں پولٹری فارم میں گھسنے والے دو ڈاکو سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ہلاک

ہفتہ 31 جنوری 2015 15:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں پولٹری فارم میں گھسنے والے دو ڈاکو سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ،پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع،تفصیل کے مطابق چک نمبر 73ج ب جھپال سے 72ج ب گلابی پور کی جانب جانیوالی سڑک پر واقع غلام مصطفی ڈوگر کے کنٹرول شیڈ میں گزشتہ رات دو بجے دو مسلح ڈاکو دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے جنہیں سکیورٹی گارڈ نے دیکھ کر تعاقب کیا تو ملزموں نے فائرنگ کردی ،جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں دونوں نامعلوم ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ،اطلاع ملنے پر ٹھیکریوالہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ملزموں کی نعشیں تحویل میں لیکر مقدمہ درج کرکے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہیں ،پولیس کے مطابق ملزموں کا تعلق بلوچنی کے علاقہ ڈکیت گینگ سے ظاہر کیا جارہا ہے تاہم تاحال ان کی با قاعدہ طور پر شناخت نہیں ہوئی دو ڈاکوؤں کی ہلاکت پر وقوع ہے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور بہادری کا مظاہرہ کرنیوالے سکیورٹی گارڈز کو د اد دیتے رہے ۔