بہت جلد ملک سے دہشتگردی کا نام و نشان مٹادیں گے، نواز شریف

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:58

بہت جلد ملک سے دہشتگردی کا نام و نشان مٹادیں گے، نواز شریف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری2015ء) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے ایک مضبوط فورس کی ضرورت ہے ، انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے کی تربیت مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فورس کا ہر جوان قابل فخر ہے ، ہم نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں لیکن اب فیصلہ کر لیا ہے کہ اس کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی ، یہ جنگ ہم ہی جیتیں گے ۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں متحد ہے اور جب قومیں متحد ہوجائیں تو اس کو کامیابی سے کوئی روک سکتا ، وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ شکار پور پر وہ مرنے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، اس ضمن میں وہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان جوانوں کی تربیت کا اہتمام کیا اور انہیں دہشتگردوں کیخلاف سینہ سپر ہونے کا موقع فراہم کیا ، نواز شریف نے کہا کہ وہ اور آرمی چیف بہت جلد کراچی جائیں گے اور بہت جلد وہاں پر موجود دہشتگردوں کا خاتمہ کر کے ملک کو دہشتگردی سے پاک کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں کم کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے ، انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کا ہر جوان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں میرٹ پر منتخب ہوا ہے اور وہ پوری طرح اس قوم کے دفاع کیلئے تیار ہے ۔ ہم نے پٹرول کی قیمتوں میں 40 بلین کا نقصان برداشت کیا ہے ۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے ماسٹر ٹرینرز کی نگرانی میں تربیت پانے والے انسداد دہشتگردی فورس کے پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی ، جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ٹریننگ پروگرام کا دائرہ پورے ملک تک بڑھایا جائے گا ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کا پلان جاری کر دیا گیا ہے ، پاس آؤٹ ہونیوالے اہلکاروں کی تربیت ایس ایس جی انسٹرکٹرز نے کی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانی ہے ، اس ٹریننگ پروگرام کا دائرہ پورے ملک تک بڑھایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :