انسداد دہشت گردی فورس کی ایلیٹ ٹریننگ سکول میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب

وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی شرکت،وزیراعظم نے انعامات تقسیم کئے

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کی بیدیاں روڈ پر ایلیٹ ٹریننگ سکول میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب منعقد ہوئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف،کور کمانڈر لاہور جنرل نوید خان ،ڈی جی رینجرز طاہر جاوید ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ،قائم مقام گورنر پنجاب ،سعودی عرب اور ترکی کے سفیروں سمیت ارکان اسمبلی نے شرکت کی ۔

انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے مرحلے میں 1182 اہلکاروں نے تربیت حاصل کی جس میں 421 خواتین بھی شامل ہیں۔ان اہلکاروں کو پاک فوج اور ترکی کی نگرانی میں تربیت مکمل کروائی گئی ۔ترکی نے مختلف شعبوں میں 6 ہفتوں میں ٹریننگ دی ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی فورس نے 9 ماہ میں ٹریننگ کی تربیت حاصل کی ۔اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں نے دہشت گردوں کو پکڑنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا اور پاسنگ آؤٹ بھی کی ،پاسنگ آؤٹ میں16 خواتین نے حصہ لیا ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پاسنگ آؤٹ کا معائنہ کیا ،ٹریننگ حاصل کرنے والے اہلکاروں نے وزیر اعظم کو سلامی دی، جس کے بعد کاؤنٹر ٹیرازم کے اہلکاروں نے اپنے عہدے کا حلف لیا ۔آخر میں وزیر اعظم نواز شریف نے اعلی کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔