ترقی پذیر ممالک کاایک بڑامسئلہ کرپشن ہے‘ چیئرمین نیب

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے بڑے مسائل میں سے ایک کرپشن ہے‘ رشوت ستانی‘ اقرباء پروری‘ خوردبرد اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرپشن کی مختلف صورتیں ہیں جن سے سماجی و اقتصادی مسائل پیدا ہوتے ہیں اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی کرپشن کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

ہفتہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کیخلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت عوام کوبیدار کرنے کے بارے میں قانون سازی پاکستان کی ذمہ داری ہے اور میڈیا کے اس دور میں وسل بلوئنگ ایکٹ ملک کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وسل بلوئنگ کرپشن روکنے کے لئے ایک پیشگی انتباہ کا نظام ہے جس کے تحت بروقت اقدام کے ذریعے کرپشن کو ابتدائی مرحلے میں روکا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایکٹ سے ایمانداری اور مکمل عزم کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ وسل بلوئر ایکٹ کے تحت اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوامی مفاد کے معاملات سامنے آنے پر ان کی مناسب تحقیق اور اس کے مطابق اقدام کیا جائے۔اس سے شفافیت ،اچھی ساکھ اور احتساب کی روایت کو فروغ ملے گا۔اس سے ملازمین کے خلاف ذاتی مفاد کے تحفظ کے لئے اختیارات کے ناجائز استعمال یا انتقامی کارروائیوں کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

وسل بلوئنگ بارے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں بھارت اور بنگلہ دیش نے حال ہی میں وسل بلوئر بل منظور کئے ہیں اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی اپنی سالانہ رپورٹ میں دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کو مذکورہ قانون سازی کرنے کو کہا ہے۔ چیئر مین نیب چوہدری قمر زمان نے کہا کہ مذکورہ بل سے نڈر لوگوں کو کرپشن سے پردہ چاک کرنے کا حوصلہ ملے گااور وہ ملک سے کرپشن کی روایت کے خاتمہ کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو تحفظ فراہم اور وھسل بلوئنگ کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پہلے ہی وزارت قانون و انصاف اور انسانی حقوق کیساتھ رابطے میں ہے تاکہ جلداز جلد پاکستان میں وسل بلوئنگ پروٹیکشن قانون کو جلد از جلد نافذ کیا جاسکے۔اس قانون پر عملدرآمد کے حوالہ سے آگہی،مواصلاتی رابطوں، تربیت اور تحفظ کے فریم ورک کے موثر ہونے کے حوالہ سے نیب ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب یقین دلاتا ہے لہ وہ قانون کی تیاری اور اس کے نفاذ میں مکمل تعاون کرے گا۔

متعلقہ عنوان :