ملک میں امن برقرار رکھنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے،۔ممنون حسین

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:23

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن برقرار رکھنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ایوان صنعت و تجارت لاہور کی طرف سے اسلام آباد میں سفارتکاروں کے اعزاز میں دئیے گئے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب دہشتگردی کے خاتمے اورملک میں پائیدار امن کے قیام کے لئے شروع کیا گیاہے۔

صدر نے کہا کہ اس سلسلے میں سول اور فوجی قوتوں کی جاری مشترکہ کارروائیاں قوم کے اس عزم کا ثبوت ہیں کہ دہشتگردی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا،انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پرامن پاکستان کی اہمیت واضح کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتاہے جہاں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی پیشکش اورانکی حوصلہ افزائی کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے امید ظاہر کی کہ مختلف ملکوں میں تعینات پاکستانی سفارتکار پاکستان اور ان ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے معاون کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہے اور اس نے توانائی کے منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک کی اقتصادی بحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور لوگوں کیلئے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔صدر نے کہا کہ بد عنوانی کا خاتمہ بھی ہمارے قومی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

متعلقہ عنوان :