انسداد دہشتگردی فورس کے جوانوں نے دہشتگردوں سے نمٹنے کاعملی مظاہرہ بھی کیا

ہفتہ 31 جنوری 2015 13:56

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)انسداد دہشتگردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ کے موقع پر تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے دہشتگردوں سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا ،کامیابی سے ٹارگٹ حاصل کرنے پر وزیر اعظم ، آرمی چیف سمیت تمام شرکاء سے خوب داد حاصل کی ۔ ایلیٹ ٹریننگ سکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ کے دوران تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ایک علاقے میں رہائش پذیر دہشتگردوں کے بارے میں مختلف روپ دھار کر انٹیلی جنس اکٹھی کرنے ، بعد ازاں ان معلومات کو وہیں سے آگے منتقل کرنے ، بعد ازاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر انکی رہائش پر دھاوا بول کر انہیں ہلاک کرنے اور زندہ گرفتار کرنے کے علاوہ انہیں وہاں سے منتقل کرنے کا زبردست مظاہرہ کیا ۔

اس کے بعد فورس کے انوسٹی ونگ کے جوانوں کی طرف سے آپریشن کے مقام سے دہشتگردوں کے تمام شواہد کو جدید فرانزک اکٹھے کرنے اور اسے ساتھ ساتھ ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے کے علاوہ انہیں محفوظ کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

اس تمام مرحلے کے مکمل ہونے پر وزیر اعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت دیگر شرکاء نے تالیاں بجا کر خوب داد دی ۔