دہشت گرد وں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ،شکار پورامام بارگاہ پر حملہ افسوسناک ،قابل مذمت ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

ہفتہ 31 جنوری 2015 13:55

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی تربیت اور ترغیب دینے والے دین کے نام پر کم سن بچوں کو ورغلا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ خود بھی بھٹکے ہوئے لوگ ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہی کے راستے پر ڈال رہے ہیں۔ شکار پور میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔

پوری قوم مل کر پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا خاتمہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام پورہ تحصیل شاہکوٹ میں گرلز ہائی سکول میں میلاد کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کی فضا کو فروغ دینے والے نہ صرف کافروں کے ایجنٹ ہیں بلکہ خود بھی کفر کی اتھاہ گہرائیوں میں غرق ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی سے نمٹنے کا واحد ذریعہ قران پاک کی تعلیمات اور نبی آخرالزماںﷺ کی اسوہ کامل ہے۔ اگر آج ہم اسلام کی اصل روح کو پا لیں اور نبی اکرم ﷺکی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو جائیں تو پاکستان کے تمام تر مسائل فوری طور پر ختم ہوجائیں گے۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ شکار پور میں امام بار گاہ پر حملہ پشاور حملے کی ہی کڑی ہے ۔ قومی لائحہ عمل اور فوجی عدالتوں کی مدد سے بہت جلد دہشت گردی کے سر طان کو جڑ سے ختم کر دیں گے۔ لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام پاکستانی اس ملک کے تحفظ کیلئے ایک آواز بن جائیں۔ جب ہم لوگ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر لیں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا بال بھی بیکا نہ کر سکے گی۔

متعلقہ عنوان :