امریکہ پاکستان کیساتھ قریبی سٹرٹیجک پارٹنر شپ جاری رکھے گا ‘محکمہ خارجہ

ہفتہ 31 جنوری 2015 13:35

امریکہ پاکستان کیساتھ قریبی سٹرٹیجک پارٹنر شپ جاری رکھے گا ‘محکمہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) امریکہ نے پاکستان اور بھارت پر اپنے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کیساتھ قریبی سٹرٹیجک پارٹنر شپ جاری رکھے گا ۔محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے واشنگٹن میں کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات امریکی سٹرٹیجک مفادات کیلئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور کنٹرول لائن اورورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری کے تناظر میں اظہار خیال کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونو ں ملکوں کو اپنے مسائل کے پرامن حل کیلئے مذاکرات کرنے چاہئیں۔ جب اوباما کے دورہ بھارت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم کئی ایشوز پر پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اسی طرح کئی معاملات پر بھارت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ بھارت ایٹمی معاہدے پر پاکستان کے تحفظات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ایشو کچھ وقت کیلئے چلے گا لیکن ہم دوبارہ اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط سٹرٹیجک تعلقات ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ دو ہفتے قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں اسی عزم کو دہرایا گیا۔ ورکنگ باؤنڈری پر ہونے والی شیلنگ اور کشیدگی بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جنوبی ایشیا کی دونوں ایٹمی ممالک سے کہا ہے کہ وہ تمام مسائل کے پرامن حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :