شیعہ تنظیموں کا آج یوم سوگ، احتجاجی مظاہرے جاری

ہفتہ 31 جنوری 2015 11:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری2015ء) سانحہ شکار پور کے بعد آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ المناک سانحے کے خلاف مجلس وحدت المسلمین سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کی کال پر سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال اور دھرنے دئیے جا رہے ہیں۔ سانحہ شکار پور کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں اور دھرنے جاری ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم، جعفر الائنس سمیت دیگر تنظیمیں آج ملک بھر میں یوم سوگ منا رہی ہیں۔ کراچی میں سٹار گیٹ ، نمائش چورنگی اور شاہراہ پاکستان سمیت اہم شاہراوٴں پر احتجاجی دھر نے دئیے جا رہے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ سانحہ شکارو پور کے خلاف تین روز ہ سوگ کے اعلان کے بعد مختلف شہروں میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال اور دھرنے جاری ہیں شیعہ علماء کی اپیل پر نوابشاہ میں سوگ کا سماں جبکہ چھوٹے بڑے علاقوں میں تجارتی مراکز اور ٹرانسپورٹ بند ہیں۔

(جاری ہے)

جیکب آباد ، گڑھی خیر و نو شہرو فیروز اور محراب پور سمیت ضلع بھر میں مکمل شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی گئی ہے۔ گھوٹکی، میر پور میں ہڑتال کے باعث نجی اور سرکاری سکولوں میں چھٹی دے دی گئی ہے۔ لاڑکانہ میں شیعہ علمائے کونسل، وحدت المسلمین، آئی ایس او سمیت دیگر تنظیموں نے مختلف چوراہوں پر سانحے کیخلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے۔ ناقص سکیورٹی انتظامات کے لیے سندھ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

جیکب آباد میں سانحہ کے خلاف احتجاجی جلوس نے ڈی چوک پہنچ کر دھرنا دیا۔ اور مظاہرین نے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری لا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے شکار پور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے پانچ ، پانچ لاکھ جبکہ زخمی ہونے والوں کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مختلف تنظیموں کی جانب سے آج یوم سوگ منانے کے اعلان کی حمایت کی ہے اور پاکستان بھر میں عوام سے کہا ہے کہ وہ سانحہ شکار پور کے ساگ میں بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ پرچم لہرائیں۔

لاہور میں ہنگامی پرین کانفرنس کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور وزیر اعظم کی کراچی میں موجودگی کے دوران پیش آیا اور انہوں نے اپنی پریس بریفنگ یں شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا بھی مناسب نہ سمجھا ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اس طرح اپنے عزائم ظاہر کر دئیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امن و امان ائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین اور جعفر الائنس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔