سانحہ شکارپور پر کراچی سمیت سندھ بھر میں سوگ ، شٹر ڈائون ، حملہ خودکش تھا، رپورٹ

ہفتہ 31 جنوری 2015 10:47

سانحہ شکارپور پر کراچی سمیت سندھ بھر میں سوگ ، شٹر ڈائون ، حملہ خودکش ..

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری2015ء) شکار پور کی امام بارگاہ کربلائے معلی میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی ، شہر مکمل بند اور فضا سوگوار ہے، سانحہ میں جاں بحق ہونے والے جانی ابڑو کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، دوسری طرف پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں خود کش حملہ قرار دے دیا۔ شکارپور میں ہر طرف موت کا سا سکوت ، خاموشی اور فضا سوگوار ہے۔

لوگوں کی بڑی تعداد نے گھنٹہ گھر پر دھرنا دے رکھا ہے ۔ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ، کاروباری مراکز بند اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہے ۔ جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ آج کسی وقت ادا کی جائے گی ۔ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے جانی ابڑو کی نمازجنازہ امام بارگاہ جنگل شاہ میں ادا کر دی گئی ہے ۔ نمازجنازہ میں سیاسی سماجی و شیعہ علماءکونسل کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سانحہ شکار پور کے حوالے سے پولیس تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق امام بارگاہ کربلا معلیٰ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا ۔ حملہ آور نے خود کو مریض ظاہر کیا اور دم کرانے کے بہانے خاتون کے ہمراہ اندر داخل ہونے میں کامیاب رہا ۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے سے بتیس میٹر تک تباہی پھیلی تاہم کوئی گڑھا نہیں پڑا ۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ سائیں رکھیو میرانی نے بھی دھماکا خود کش ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق ایک بج کر پچاس منٹ پر ہونے والے دھماکے میں آر ڈی ایس اور سی فور استعمال کیا گیا ، پانچ سے سات کلو گرام بارودی مواد کے ساتھ بال بیرنگ بھی استعمال ہوئے۔

متعلقہ عنوان :