بھارت کے ساتھ مذاکرات برابری کی بنیاد پر چاہتے ہیں،سرتاج عزیز ،

اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ چین کے ہوتے ہوئے بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل نشست کاملنا آسان کام نہیں، امریکی سفیر کو اپنے تحفظات سے باضابطہ آگاہ کردیا ہے، کوئی بھی ملک ہمارے حوالے سے غلط فہمی کا شکار نہ رہے پاکستان نیوکلیئر حامل کا ملک ،ہم اپنے ملک کا دفاع سالمیت اور اس کے وقار کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، قومی کشمیر کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ

جمعہ 30 جنوری 2015 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر باراک اوبامہ کے حالیہ دورہ بھارت پر متضاد بیانات سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پاکستان میں متعین امریکی سفیر کو اپنے تحفظات سے باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات برابری کی بنیاد پر چاہتے ہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔

چین کے ہوتے ہوئے بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل نشست کاملنا آسان کام نہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی کشمیر کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مذاکرات کا خواہشمند ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ سٹریٹجک امور پر جو معاملات طے پا رہے ہیں اس پر بھی حکومت پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے امریکہ سمیت یورپی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورہ بھارت پر تحفظات کا اظہار کیا۔ جس کا جواب دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور عزت کے ساتھ خطے میں رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک ہمارے حوالے سے غلط فہمی کا شکار نہ رہے پاکستان نیوکلیئر حامل کا ملک ہے اور ہم اپنے ملک کا دفاع سالمیت اور اس کے وقار کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں متعین امریکی سفیر کو باضابطہ طور پر حکومت پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت پاکستان کے تحفظات ہیں انہیں امریکی قیادت تک پہنچایا جائے گا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ سمیت تمام ممالک کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان قیام پاکستان سے لے کر اب تک جس انداز میں اپنا دفاع کررہا ہے اس سے پوری دنیا بخوبی آگاہ ہے۔ امریکہ اور بھارت کے ساتھ سٹریٹجک امور پر جو ہتیھاروں کے معاہدے ہورہے ہیں اس پر بھی حکومت پاکستان کو تحفظات ہیں۔ جسے امریکی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔