پنجاب میں ایل این جی پارک کے قیام کا منصوبہ ،ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی‘ شہبازشریف،

توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے، توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ،توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعہ 30 جنوری 2015 22:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے اور ملک کی تیزرفتار ترقی کے لئے توانائی بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے،توانائی کی کمی کے مسئلے نے تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر سماجی شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت کی مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی او رملک کو توانائی کی قلت کے مسئلے سے نجات ملے گی،پنجاب حکومت نے صوبے میں ایل این جی پارک کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے جس سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔

وہ جمعہ کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو توانائی کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی عزم الحق، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،ایم ڈی نیسپاک، سیکرٹری آبپاشی ، ایم ڈی سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمٹیڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کوئلے ، ہائیڈل، سولر، بائیو ماس، بائیوگیس اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،پنجاب حکومت100میگاواٹ کا یہ سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ توانائی بحران کا خاتمہ حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اور توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ایل این جی سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ایل این جی پارک کے منصوبے سے سستے ذرائع سے بجلی کاحصول ممکن ہوگا-ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور برق رفتاری سے تکمیل پنجاب حکومت کی پالیسی ہے اور اسی حکمت عملی کے تحت توانائی کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔

توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کی کمی پر قابو پانے کے لئے ایل این جی درآمد کی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اور محکمے توانائی کے ۔مختلف منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کیلئے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت کام کریں ۔قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور اس ضمن میں ہمیں تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے، توانائی کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :