کراچی کی صورتحال پر سینیٹ میں بحث کا موقع نہیں دیا گیا،طاہر مشہدی،

کراچی میں قانون کے تحت کاروائی کی جائے،طالبان اور داعش ملک میں پھیل رہے ہیں، نسرین جلیل

جمعہ 30 جنوری 2015 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما طاہر مشہدی نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال پر ہمیں سینیٹ میں بحث کا موقع نہیں دیا گیا،سب مہاجروں اور ان کے کے بچوں کو کراچی میں خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر مشہدی نے کہا کہ پولیس انسانی جانوں پر کروڑوں روپے کما رہی ہے،ہمارے36 کارکنوں کو پولیس نے حراست میں تشدد کرکے شہید کردیا ہے، وزیر اعلی ہاوس کے باہر لاشیں بھی لے کر گئے تاہم کوئی نہیں آیا،احتجاج کرنا ہمارا بنیادی اور جمہوری حق ہے، احتجاج کرنا حملہ ہے تو پھر جمہوریت کا اللہ حافظ ہے۔

اس موقع پر نسرین جلیل نے کہا کہ کراچی میں قانون کے تحت کاروائی کی جائے،طالبان اور داعش ملک میں پھیل رہے ہیں،ان کے خلاف کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے۔ سیکیورٹی کے ادارے صرف ہمیں ہی کیوں ٹارگٹ کررہے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوٴں نے کہا کہ کراچی میں ایک سال سے آپریشن ہورہا ہے لیکن ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری جاری ہے، کراچی میں پولیس کہتی ہے 14ہزار لوگوں کو گرفتار کیا لیکن ان کا کوئی پتہ نہیں ہے۔