بین الصوبائی وزارتی کانفرنس، یکساں نصاب کی تیاری کے لئے مستقبل کے منصوبہ اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا

جمعہ 30 جنوری 2015 21:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان کی زیر صدارت بین الصوبائی وزارتی کانفرنس جمعہ کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وفاق اور تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم اور سیکریٹریز تعلیم نے شرکت کی۔ کانفرنس میں یکساں نصاب کی تیاری کے لئے مستقبل کے منصوبہ اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے گزشتہ اجلاس میں طے پانے والے فیصلوں کو عملی شکل دینے پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں قابل ذکر قومی نصاب کونسل اور جائزہ کمیٹی برائے قومی تعلیمی پالیسی کا قیام شامل ہے۔ ان کے ذریعے تمام صوبوں اور علاقے مل کر نہ صرف پالیسی کے اندر اصلاحات کریں گے بلکہ نصاب میں کم سے کم معیار کو یقینی بنائیں گے اور مشترکہ نصاب کو ترتیب دیں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء نے یہ طے کیا کہ اب زیادہ سے زیادہ بچوں کے اسکولوں میں داخلے کے علاوہ خصوصی طور پر معیار تعلیم اور تعلیم سے متعلقہ ہر شعبہ میں معیار پر بھرپور توجہ دی جائے گی جس میں تعلیم، اساتذہ اور انفراسٹرکچر شامل ہے۔ تمام شرکاء نے کانفرنس کے انعقاد پر وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزیر مملکت محمد بلیغ الرحمان کی کوششوں کو سراہا اور اس طرح کی کانفرنسز کے وقتاً فوقتاً مستقل بنیادوں پر انعقاد پر زور دیا۔