شکارپور میں امام بارگاہ پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کے دن گنے جاچکے ہیں، پی پی پی اراکین قومی اسمبلی

دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے عوام کو خوفزدہ نہیں کرسکتے، سندھ دھرتی صوفیوں، ولیوں کی سرزمین ہے ،انتہاء پسندی ، دہشتگردی کی کوئی جگہ نہیں، بیان

جمعہ 30 جنوری 2015 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے آفتاب شعبان میرانی، ایم این اے میر اعجاز حسین جاکھرانی اور ایم این اے عمران ظفر لغاری نے شکارپور میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کئے جانے والے ایک مذمتی بیان میں انھوں نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے اپنے خلاف کئے جانے والے آپریشن کا بدلہ لینے کے لئے سرتوڑ کوششیں کی مگر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی بروقت کاروائیوں کی بدولت وہ اپنے مذموم مقاصد میں بری طرح ناکام ہوئے اور ایک پرامن شہر کو اپنی بزدلانہ کاروائی کا نشانہ بنایا۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد چاہے جتنی بھی بزدلانہ کاروائیاں کرلیں وہ بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچادئیے جائیں گے کیونکہ پوری قوم، پاکستان کی تما م محب وطن جماعتیں اور پاکستانی قوم یہ عزم کرچکی ہے کہ پاک سرزمین سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سندھ دھرتی کو اپنی مذموم اور بزدلانہ کاروائی کا نشانہ بنایا ہے لیکن وہ شاید نہیں جانتے کہ سندھ دھرتی صوفیوں اور ولیوں کی سرزمین ہے اور سندھ میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، سندھ دھرتی کے بیٹے، بہنیں، مائیں ، بزرگ اور نوجوان صوفیوں اور ولیوں کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں اور انھیں کسی طور بھی ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔

انھوں نے کہا کہ شاہ لطیف,سچل سرمست اور شہباز قلندر کی سندھ دھرتی امن کی دھرتی ہے جسکی حفاظت کرنا سندھی قوم خوب جانتی ہے۔ واضح رہے کہ شکارپور میں امام بارگاہ حملے میں 50 کے قریب معصوم جاں بحق ہوئے جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوئے جن میں سترہ کی حالت نازک ہے۔