طالب علموں سے ہی صوبے اور ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے،مشتاق غنی،

حکومت تعلیم کے فروغ اور طلباء کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی، وزیراعلی تعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 30 جنوری 2015 18:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ طالب علموں سے ہی صوبے اور ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے اور حکومت تعلیم کے فروغ اور طلباء کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

وفد میں آئی ایس ایف کے صوبائی صدر سہیل آفریدی،آئی ایس ایف یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے صدر طاہر شا ہ، صوبائی رہنما اور پشاور کیمپس کے صدر شفقت آیاز اور آئی ایس ایف کے دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی انتظامیہ اور سٹوڈنٹس کے درمیان تعلقات ،طلباء فیڈریشن کو درپیش مسائل اور یونیورسٹی کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مشتاق احمد غنی نے وفد سے کہا کہ صوبائی حکومت نے یوینورسٹیوں سمیت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکیورٹی انتظاما ت کے لئے پہلے ہی تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں جن پر عمل بھی کیا گیا ہے تاہم اگر کہیں پر بھی سیکیورٹی کے انتظامات میں کوئی خلاء نظر آنے کی صورت میں ناصرف کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی بلکہ اس خلاء کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا تاکہ پرائمری سے لیکر یونیورسٹی تک کے تمام طلباء سکون سے حصول علم جاری رکھ سکیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکیں اُنہوں نے کہا کہ وہ ملاکنڈ یونیورسٹی کا جلد ہی دورہ کرکے طلباء کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں گے اور حل طلب مسائل کے لئے فوری اقدامات اُٹھائیں گے وفد نے ان کے مسائل غور سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :