شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکا، 35 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

جمعہ 30 جنوری 2015 17:02

شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکا، 35 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

شکار پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء) شکار پور کے علاقے لکھی در میں واقع امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے سے 35 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ دہشتگردی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں پر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو علاقے کی تنگ گلیوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

واقعہ کے بعد امام بارگاہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد معلیٰ امام بارگاہ میں موجود تھی کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔ دہشتگردی کے واقعہ کے بعد سندھ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شکار پور کے ڈپٹی کمشنر ہادی بخش نے دھماکے میں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

شیعہ علماء کونسل، جعفریہ الائنس اور وحدت المسلمین نے واقعہ کیخلاف ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے امام بارگاہ دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیراعظم کو پیش کی گئی دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک مشکوک شخص کے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال کئے گئے تاکہ جانی نقصان زیادہ ہو. دھماکے کے بعد زمین پر کوئی گڑھا نہیں پڑا.

متعلقہ عنوان :