موجودہ صورتحال میں پاکستان کو اقوام متحدہ میں متحرک، دانشمند ،تجربہ کار سفیر کی ضرورت تھی جو ملیحہ لودھی کے تقرر سے پوری ہوگئی ،ممنون حسین

جمعہ 30 جنوری 2015 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک متحرک، دانش مند اور تجربہ کار سفیر کی ضرورت تھی جو ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے تقرر سے پوری ہوگئی ہے۔صدر مملکت نے یہ بات ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ان کے تقرر پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انھیں اور قوم کو ان سے بہت سی توقعات ہیں اور انھیں یقین ہے کہ وہ ان پر پورا اتریں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت عالمی سطح پر بہت سے چیلنج درپیش ہیں جن سے نمٹنے کے لیے بے پناہ احتیاط اور دانش مندی کی ضرورت ہے جس کے لیے ڈاکٹر ملیحہ لودھی مناسب انتخاب ہیں۔ اقوام متحدہ میں نامزد سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے کام لے کر قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گی، عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھارنے کی کوشش کریں گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا کے سب سے بڑے فورم پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔