حکومت سنبھالنے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی ،پٹرل کی قیمتیں مزید کم کریں گے:نواز شریف

جمعہ 30 جنوری 2015 16:19

حکومت سنبھالنے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی ،پٹرل کی قیمتیں مزید ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء) وزیراعظم نوا ز شریف نے کہاہے کہ ان کے دور حکومت سے پہلے کراچی سٹاک ایکسچینج 19916پر تھا اور اللہ کے فضل سے حکومت سنبھالنے کے بعد انڈیکس میں واضح تیز ی آئی ہے جس کے بعد انڈیکس34606پر آگیا اور آئندہ بھی اسی طرح ترقی کی جانب گامزن رہے گا،پٹرول کی قیمت مزید کم کریں گے۔وزیراعظم نوازشریف نے کراچی سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے چیئرمین سٹاک ایکسچینج منیب کمال سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوا ز شریف نے کہاکہ انہیں سٹاک ایکسچینج کا دورہ کرکے نہایت خوشی ہوئی کیونکہ یہ کامیابی کی جانب گامزن ہے اور اس کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ہیں جو کہ اس ٹیم کے کیپٹن ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گورنر ہاﺅس میں اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے کارکنان کی ہلاکت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور آئی جی جی سندھ نے یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ قاتلوں کیخلاف ایک ماہ کے اندر ان کیخلا ف کارروائی کی جائے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دو بڑی جماعتیں ہیں اور ان کے اشتراک سے کراچی اور پورے ملک میں امن وامان قائم کریں گے کیونکہ دونوں پارٹیوں میں ہم آہنگی پاکستان کے مفاد میں ہے اور کراچی میں امن وامان صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دونوں پارٹیوں کے آپس میں اچھے تعلقات بہت ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام پارٹیوں کی رضامندی اور اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا گیاہے اور اس کے تحت قانون بنایا جارہاہے اور ملٹری کورٹس قائم کی گئیں جہاں دہشت گردوں کے مقدمات چلائے جائیں گے اورانہیں سزائیں دی جائیں گی۔

نوا زشریف نے کہا کہ ملک میں بجلی جیسے بڑے مسائل ہیں جن کو حل کرنے کے لیے دن رات کوششیں کی جارہی ہیں ہیں اور ان بحرانوں پر جلد قابو پا لیاجائے گا ۔انہوںنے کہاکہ ہمارا دور حکومت ختم ہونے سے پہلے بجلی اور گیس جیسے مسلوں کو ختم کر دیں گے ۔انہیں سیاست عزیز نہیں ہے بلکہ پاکستان اور اس کی ترقی عزیز ہے اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت میں تفریق ہے ملک کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام جماعتیں ایک صف میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :