قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کیلئے عملدرآمد کمیٹی،قانونی کمیٹی،میڈیا کمیٹی بنا دی ہے ‘وزیراعظم کو بریفنگ

جمعہ 30 جنوری 2015 12:59

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کرنے والے ملک دشمن ہیں اور ملک دشمنوں کا شہر سے صفایا کریں گے ‘گورنر اور وزیراعلی 2 بڑی سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی برقراررکھیں ‘ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرتے ہوئے معاملات صوبائی سطح پر حل کئے جائیں ‘کسی بھی سیاسی کارکن کو انتقامی کارروائی کاحصہ نہ بنایا جائے ‘کوئی ماورائے عدالت قتل ہواہے تو سندھ حکومت تحقیقات کرائے - ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاوٴس میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلا س ہوا جس میں ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی سید قائم علی شاہ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات شرجیل میمن، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر پولیس اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر عملدرآمد کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے 4 کمیٹیاں بنا کرعملدرآمد شروع کردیا گیا ہے اور دہشتگردی سے متعلق مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کیلئے اسکروٹنی کا عمل 10 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گورنر اور وزیراعلی 2 بڑی سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی برقراررکھیں اور ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرتے ہوئے معاملات صوبائی سطح پر حل کئے جائیں ذرائع کے مطابق وزیر اٰعظم نواز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے اور صوبے میں شیاسی کشیدگی ختم کرکے اور مل بیٹھ معاملات حل کرنے کی ہدایت کی وزیر اعظم نے کہ اکہ کسی بھی سیاسی کارکن کو انتقامی کارروائی کاحصہ نہ بنایا جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر کوئی ماورائے عدالت قتل ہوا ہے تو یہ افسوسناک ہے، سندھ حکومت تحقیقات کرائے، معاملات صوبائی سطح پر حل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کرنے والے ملک دشمن ہیں، ان کا کراچی سے صفایا کریں گے دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔اجلاس کے بعد وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد،فراز عالم اورریحان کیاہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی پراسرار ہلاکت سے متعلق دریافت کیا۔اس سے قبل اعلی سطح اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نواز شریف کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ بزریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاوٴس پہنچے