چوہدری سرور کے استعفے اور پریس کانفرنس نے حکومت کی گڈ گورننس کا کچا چٹھہ کھول کر رکھ دیا ‘ جمشید اقبال چیمہ ،

ملک کے حالات انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں ،حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں

جمعرات 29 جنوری 2015 23:30

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ چوہدری محمد سرور کے استعفے اور پریس کانفرنس نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گڈ گورننس کا کچا چٹھہ کھول کر رکھ دیا ہے ،ملک کے حالات انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں لیکن حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک بڑے صوبے کے گورنر کا یہ کہنا کہ یہاں لینڈ مافیا اور قبضہ گروپ گورنر سے زیادہ طاقتو ہیں لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب کے مستعفی ہونے سے واضح ہے کہ اب حالات بدل رہے ہیں اور با ضمیر لوگ زیادہ دیگر حکومت کے غلط اقدامات کا دفاع نہیں کریں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک سے عوام کو اپنے حقوق کے بارے میں شعور ملا ہے انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب عوام حکمرانوں سے اپنا حق چھیننے کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئے روز نئے نئے بحران جنم لے رہے ہیں اور اس لحاظ سے موجودہ حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونے والا ہے۔ موسم سرما میں بجلی اور گیس کے بد ترین بحران نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں ۔