نواز حکومت نے 20 ماہ میں عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر دیا ہے‘چےئرمین سنی اتحاد کونسل ،

لوڈ شیڈنگ میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگیا ،بیرونی فنڈنگ لینے والے مدارس کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے‘صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 29 جنوری 2015 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز حکومت نے 20 ماہ میں عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر دیا ہے،لوڈ شیڈنگ میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگیا ہے،بیرونی فنڈنگ لینے والے مدارس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے،اذان سے پہلے درود وسلام پڑھنے کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ سے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماصاحبزادہ حسین رضا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ یورپی یونین سے تعظیم انبیاء علیہم السلام کیلئے قانون سازی کروائی جائے۔ حکومتی سطح پر یومِ عشق رسولﷺ منایا جائے۔ہولو کاسٹ پر بات کرنے والوں کوسزا مل سکتی تو توہین آمیز خاکے شائع کرنے والوں کو سزائیں کیوں نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

ہمیں مغربی تہذیبی یلغار کے لیئے تیار رہنا چاہئیے۔خاکوں کا مقصد تہذیبوں کے مابین نفرت اور انتشار پیدا کرنا ہے۔گستاخان ِ رسول ﷺاللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکتے۔ناموسِ رسالت کے لیے جدوجہد کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں حقیقی اپوزیشن کا تصور موجود نہیں۔مسلم حکمران اپنی آنکھیں کب کھولیں گے۔ امریکہ بھارت گٹھ جوڑ پاکستانی کی سلامتی کے لیئے خطرہ ہے۔ نا اہل وزیروں سے استعفیٰ لئے جائیں۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ یورپ مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلے۔فرانس، امریکہ اور برطانیہ میں بھی اظہار رائے پر بعض پابندیاں عائد ہیں ۔