امریکہ خطے میں بھارت کو بالادست قوت بنانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے،سراج الحق ،

نریندر مودی جیسے انتہا پسند اور مسلمانوں کے قاتل کو اوبامہ کی آشیر باد خطے کو جنگ کے حوالے کرنے کی سازش ہے ، اجلاس سے خطاب

جمعرات 29 جنوری 2015 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نریندر مودی جیسے انتہا پسند اور مسلمانوں کے قاتل کو اوبامہ کی آشیر باد خطے کو جنگ کے حوالے کرنے کی سازش ہے ،امریکہ اور بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ اگر انہوں نے کسی مشترکہ ایڈوینچرکی کوشش کی تو یہ جنگ صرف اس خطے تک محدود نہیں رہے گی اور یہ جنگ ایک خطے کی بجائے عالمی امن کیلئے تباہ کن ہوگی ۔

کشمیر کشمیریوں کا ہے بھارت جتنی جلدی یہ بات سمجھ لے اتنا ہی فائدے میں رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر حافظ محمد ادریس،راشد نسیم ،میاں محمد اسلم سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،سید وقاص انجم جعفری اور سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا ہر جگہ ماتم جاری ہے ، پانچ مشیرخارجہ ہونے کے باوجود خارجہ پالیسی کی کوئی سمت نہیں ،حکمران امریکہ کی کھلے عام دھمکیوں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کے باوجود امریکی گود میں بیٹھنا اپنی کامیابی سمجھتے ہیں ،امریکہ خطے میں بھارت کو بالادست قوت بنانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور اس نے بھارت کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی بھی یقین دہائی کروادی ہے جوکسی طرح بھی خطے کے مفاد میں نہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی تضادات اور گومگو کی صورتحال سے دوچار ہے ،حکمران ابھی تک امریکی گود سے اترنے کو تیار نہیں ،انہوں نے کہا کہ اس موقع پر خود وزیر اعظم کو چاہئے تھا کہ خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی امریکی سازشوں کے خلاف کھل کر بات کرتے اور امریکی سفیر کو بلا کر واضح پیغام دینا چاہئے تھا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے تو حکومت کو کھلے دل سے آفر دی ہے کہ اگر ان کے پاس وزارت خارجہ سنبھالنے کیلئے اہل فرد نہیں تو ہم آپ کو بلامعاوضہ خدمات دینے والے افراد مہیا کرنے کو تیار ہیں ،انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران اپنی ذات کے خول میں بند ہیں ملک کو اندرونی اور بیرونی مسائل کا سامنا رہے گا۔سراج الحق نے مرکزی ذمہ داران کی مشاورت سے نوجوانوں کو بڑی تعدا د میں جماعت میں شامل کرنے اور اس سال کو نوجوانوں کا سال قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جماعت اسلامی آئندہ ماہ ملک بھر میں نوجوانوں کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کرے گی۔سراج الحق نے کہا کہ ملک کا نوجوان طبقہ اپنے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہے ،لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں پکڑے نوکری کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن کسی کو روز گار نہیں مل رہا ،انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں میں بھٹک رہے ہیں مگر نااہل حکمرانوں کو ذرا برابر خیال نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو باعزت روز گار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید سے ملاقات کی ۔ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے ملک اورخطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا اور پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کا جائزہ لیا اور ان کے تدارک کے حوالے سے گفتگو کی

متعلقہ عنوان :