اسلام آباد ہائی کورٹ میں جوڈیشری سروسز ٹریبونل کی عدم تشکیل،

سپریم کورٹ کا وزیراعظم کی منظور شدہ سمری پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم

جمعرات 29 جنوری 2015 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) عدالت عظمیٰ نے ” اسلام آباد ہائی کورٹ میں جوڈیشری سروسز ٹریبونل کی عدم تشکیل“ سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالہ سے وزیر اعظم کی جانب سے منظور کی گئی سمری اگلے اجلاس میں پارلیمنٹ کے سامنے پیش کریں اور بل کی کاپی رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں ،جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے جمعرات کے روز سول جج /ڈپٹی رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ شبیر احمد کی اپنی سینارٹی کے حوالہ سے فورم کے تعین سے متعلق درخواست کی سماعت کی تو ان کی جانب سے حافظ ایس اے رحمان ایڈوکیٹ پیش ہوئے ،جبکہ کابینہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری نے رپورٹ پیش کی کہ اس حوالہ سے قانون سازی کے لئے وزیر اعظم نے سمری کی منظوری دے دی ہے جسے پارلیمنٹ میں منظوری کے لئے پیش کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر فاضل عدالت نے سمری پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کو بل کی منظور ی کے ایک ماہ کے اندر اندر مجوزہ جوڈیشری سروسز ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا