وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت اجلاس ، پیٹرولیم مصنوعات کا جائزہ لیا گیا،

3 بحری جہازوں کی آمد کے بعد ملک میں پیٹرول کا ذخیرہ ایک لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن ہو گیا، ارشد مرزا

جمعرات 29 جنوری 2015 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل سمیت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کے 3 بحری جہاز ایک لاکھ میٹرک ٹن تیل لے کر بیک وقت کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے ہیں جن میں پاکستان اسٹیٹ آئل کا جہاز 50 ہزار میٹرک ٹن، حیسکول کا 32 ہزار میٹرک ٹن اور شیل پاکستان کا 18 ہزار میٹرک ٹن کا جہاز شامل ہے۔

واضح رہے کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن پیٹرول کی آمد کے بعد اب ملک میں پیٹرول کا ذخیرہ ایک لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن ہو گیا ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرول کا ذخیرہ وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت پیٹرولیم کی ہدایت پر پی ایس او کے ڈپو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے دن بھی کھلے رہیں گے اور تمام پیٹرول پمپوں کو ترسیل جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :