چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ا علی کارکردگی پر ای ڈی او ہیلتھ سرگودھا کی حوصلہ افزائی،

وزیر اعلی پنجاب محنت، لگن اورخلوص نیت سے کام کرنے کے جذبے کے فروغ کے خواہاں ہیں‘خضر حیات گوندل

جمعرات 29 جنوری 2015 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے عمدہ کارکردگی اورضلع میں ہیلتھ انڈیکیٹرز کو بہتر بنانے پر ای ڈی ہیلتھ سرگودھا محمد نذیر عاقب نیکو کارا کی حوصلہ افزائی کے لئے ان سے خصوصی ملاقات کی ۔ اس موقع پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک اور ڈی جی ہیلتھ زاہد پرویز بھی موجود تھے ۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ای ڈی اوہیلتھ سرگودھا کی شاندارکارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ اس کے افسران کو نیک نامی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محنتی افسران کی حوصلہ افزائی سے محنت ، لگن اور خلوص نیت سے کام کرنے کے جذبے کو فروغ ملے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے خصوصی طو رپر ہدایت کی ہے کہ اچھی کارکردگی اور محنت سے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سزا اور جزا کی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری کی جانب سے محنتی افسران کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ سرگودھا کی تعریف کی اور کہا کہ بنیادی مراکز صحت(BHUs) میں گائنی اور لیبر کی سہولیات 24 گھنٹے فراہم کرنے کے حوالے سے 24/7پروگرام متعارف کرایا گیا تھا جس میں ضلع سرگودھا کارکردگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے اور اس کا تمام کریڈٹ ای ڈی او ہیلتھ سرگودھا کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ محمد عاقب نذیر اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ محمد عاقب نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کے لئے ایک اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم اسی جذبے اور محنت سے کام جاری رکھے گی اور وزیر اعلی پنجاب کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :