رابطہ کمیٹی انسانیت کے احترام میں ایم کیو ایم کی ہڑتال کا ساتھ دینے والے کاروباری ، تجارتی افراد، انجمنوں کے پتے، نمبر مستقل ڈائریوں میں درج کرلے، الطاف حسین

جمعرات 29 جنوری 2015 20:42

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کاروباری ، تجارتی ، صنعتی اور دیگر چھوٹے بڑے کاروبار کرنے والے ان تمام افراد اور انجمنوں کے نام ، ٹیلی فون نمبراور پتے تنظیم کی مستقل ڈائریوں میں درج کرلیں جو شہرکے عوام کے دکھ دردمیں شریک رہتے ہیں اور جنہوں نے انسانیت کے احترام میں اپنی اپنی سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کی ہڑتال کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی سے کہاکہ ان تمام جماعتوں اورافراد کا شکریہ ادا کرنے کیلئے وہ جلدہی تشکرکی ایک تقریب کا اہتمام کرکے ان تمام انجمنوں اور افراد کو مدعو کریں جنہوں نے ہڑتال کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا ہے تاکہ انہیں بھی شہر کے دیگر مسائل کے حل کیلئے اور شہر کی ترقی، کامیابی اور کامرانی کیلئے ان سے ان کی قیمتی رائے اور مشورے بھی لیے جائیں ۔ تاکہ ہم سب ایک پیج پر آکر شہریوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکیں اور ان سے مشاورت کا سلسلہ اور تعلق داری مستقل بنیادوں پر مزید پروان چڑھاسکیں۔