روزنامہ جناح میں کارکنوں کو بقایا جات، کیپٹل ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر آر آئی یو جے نے نوٹس لے لیا، کمیٹیاں تشکیل دیدیں

جمعرات 29 جنوری 2015 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) روز نامہ جناح میں کارکنوں کو بقایاجات اور کیپٹل ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر راولپنڈی اسلام آباد یو نین آف جرنلسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے دو کمیٹیا ں تشکیل دیدی ہیں جو پہلے مرحلے میں بات چیت سے مسائل حل کرانے کیلئے کو شش کر ینگی اگر پھر بھی کارکنوں کی حق تلفی کا ازلہ نہ کیا گیا تو احتجاج کا آپشن استعمال کیا جائے گا ۔

گزشتہ روز آر آئی یو جے کا اجلاس نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں زیر صدارت صدر علی رضا علوی منعقدہوا جس میں جنرل سیکرٹری بلال ڈار ، نائب صدر اسحاق چوہدری ، فنانس سیکرٹری ناصر ہاشمی ،ممبرز گورننگ باڈی علی اختر ، عابد عباسی، فرح ناز، مدثر راجہ اور خصوصی دعوت پر سابق فنانس سیکرٹری قلب علی نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روز نامہ جناح کے کارکنوں کو بقایا جات اور کیپٹل ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم مالکان کو کسی بھی صورت اپنے ساتھیوں کا حق کھانے نہیں دینگے اور کارکنوں کا بھرپور انداز میں ساتھ دینگے ، ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ روز نامہ جناح کے کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے صدر علی رضا علوی کی قیادت میں ایک چار رکنی کمیٹی بنائی گئی جس کے ممبران میں عابد عباسی، مدثر راجہ اور قلب علی شامل ہونگے جبکہ کیپٹل ٹی وی کے مسئلہ کے حل کیلئے جنرل سیکرٹری بلال ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس میں اسحاق چوہدری ،ناصر ہاشمی ،علی اختر اور فرح ناز شامل ہونگے ۔