ٰفیصل آباد،پولیس تھانہ حملہ کیس اور پولیس ملازمین پر تشدد کرنے کے مقدمہ میں ملوث مرکزی ملزم مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ،

مقدمہ کی سماعت 3 فروری تک ملتوی

جمعرات 29 جنوری 2015 20:30

ٰفیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پولیس تھانہ حملہ کیس اور پولیس ملازمین پر تشدد کرنے کے مقدمہ میں ملوث مرکزی ملزم مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس جمعرات کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر مقدمہ کے مدعی سابق ایس ایچ او خالد پرویز اور مقدمہ کے گواہان پولیس ملازمین بھی عدالت کے رو برو حاضر تھے۔

فاضل جج انسداد دہشت گردی راجہ پرویز اختر نے مقدمہ کی سماعت 3 فروری منگل تک ملتوی کر دی ہے‘ آئندہ تاریخ پیشی پر ملزم رانا شعیب ادریس اور دیگر ساتھیوں کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی‘ ملزموں پر الزام ہے کہ انہوں نے تھانہ کھرریانوالہ حملہ کر کے تھانہ میں موجود سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو چھوڑوانے کے علاوہ پولیس ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایک تھانہ دار دانت ٹوٹنے کے علاوہ دیگر ملازمین زخمی ہو گئے تھے بعد ازاں پولیس نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ملزم رانا شعیب ادریس اور ان کے ساتھیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کر کے رانا شعیب ادریس کو عدالت عالیہ لاہور عبوری ضمانت کی منسوخی کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر دیا ہے آئندہ 3 فروری کو ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔