خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ اور امدادی رقوم کی محفوظ ، فوری اورشفاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے گورنرخیبرپختونخوا کی موجودگی میں ایف ڈی ایم اے اور موبی لنک و ٹیلی نار موبائل کمپنیز کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

جمعرات 29 جنوری 2015 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ اور امدادی رقوم کی محفوظ ، فوری اورشفاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے گورنرخیبرپختونخوا کی موجودگی میں ایف ڈی ایم اے اور موبی لنک و ٹیلی نار موبائل کمپنیز کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کردیے گئے۔ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں ڈی جی ایف ڈی ایم اے اکرام اللہ اورمتعلقہ کمپنیوں کے نمائندوں نے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے۔

تقریب میں سینیٹر حاجی خان آفریدی سمیت تحصیل باڑہ کے زعماء وعمائدین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹااعظم خان، سیکرٹری لاء اینڈآرڈرفاٹاشکیل قادر، سیکرٹری اے آئی اینڈسی فاٹا ، پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی اور موبائل کمپنیوں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرتحصیل باڑہ کے زعماء نے آئی ڈی پیز کی واپسی کے حوالے سے ٹرانسپورٹ اور امدادی رقوم کی فراہمی کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کو خوش آئندقراردیا۔

تقریب کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاکہ باڑہ تحصیل کے 80 ہزار پرمشتمل خاندانوں کی آئندہ ماہ باعزت واپسی کے عمل کو مثالی بنایاجائیگا اور واپسی کے موقع پر انہیں ٹرانسپورٹ کیلئے 10 ہزار اوردیگرضروریات کیلئے 25 ہزار روپے اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل سمز کے ذریعے دیے جائیں گے جبکہ آئی ڈی پیز کی واپسی کے بعد تباہ شدہ مکانوں کاتفصیلی سروے کیاجائیگا اور مکمل تباہی کی صورت میں 4 لاکھ اور جزوی تباہی کی صورت میں 1 لاکھ 60 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

گورنر نے کہاکہ متاثرہ علاقوں یعنی باڑہ و میدان میں تعلیم، صحت ،بجلی، پینے کے صاف پانی اور دیگربنیادی ضروریات سمیت انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کردیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی باڑہ بازار کی جدید خطوط پر تعمیر نو اور بحالی بھی عمل میں لائی جائیگی تاکہ ایک بار پھرپورے ملک سے لوگ امن وسلامتی کے ساتھ یہاں آکر کاروبار اورخریداری کرسکیں تاکہ روزگاراور کاروبار کے مزید مواقع پیدا ہوں جس سے علاقے میں معاشی استحکام وخوشحالی آئیگی۔

اس موقع پرگورنرنے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف اور موجودہ حکومت کا یہ عزم ہے کہ پاکستان کی بقاء ، سالمیت اور استحکام کی خاطر اپناگھربارچھوڑنے والے محب وطن قبائلی پاکستانیوں کی ہرممکن مدد کی جائے اور اس ضمن میں وسائل کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اوروہ دن دور نہیں جب خطے سے دہشت گردی کاہمیشہ خاتمہ کردیاجائیگا اور انشاء اللہ بہت جلدپائیدار امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ باڑہ کے آئی ڈی پیز سمیت تمام قبائلی متاثرین کی باعزت واپسی وبحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور مکمل بحالی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت آئی ڈی پیز کی واپسی اور پائیدار امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے اور اب قبائلی عوام اور زعماء کوبھی چاہئیے کہ پائیدار امن واستحکام کیلئے حکومت کاساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :