Live Updates

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے برٹش کونسل کے وفد کی ملاقات، شعبہ تعلیم میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق،

انتہاپسندی اور دہشت گردی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے تعلیم کی گولی سب سے بڑا ہتھیار ہے‘محمد شہبازشریف، معیاری تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا حق ہے،پنجاب حکومت یہ حق بچوں کو لوٹا رہی ہے ،فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں، پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کو وظائف فراہم کئے گئے ہیں‘وزیراعلیٰ کی وفدسے گفتگو، شہباز شریف کے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں، شعبہ تعلیم میں تعاون کو مزید فروغ دینگے‘وفد برٹش کونسل

جمعرات 29 جنوری 2015 20:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو سیرن ڈیوائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں شعبہ تعلیم میں جاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برٹش کونسل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 6 برس کے دوران تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔

معیاری تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق بچوں کو لوٹا رہی ہے۔ پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے تعاون سے پنجاب سکول ریفارمز روڈمیپ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انتہاپسندی اور دہشت گردی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے تعلیم کی گولی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈیفڈ کے تعاون سے سکل ڈویلپمنٹ کا پروگرام بھی کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔اس پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا گیا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں باعزت روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں با اختیار بنا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واوچر سکیم کے تحت 10 لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کو سکولوں میں داخلہ دیا گیا ہے۔پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا قیام پنجاب حکومت کا ایک اور تاریخی اقدام ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا مجموعی حجم 12 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس فنڈ سے ہزاروں ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کئے گئے ہیں۔

تعلیمی وظائف سے ہزاروں طلبا و طالبات اعلیٰ تعلیمی اداروں میں علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4500 ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں۔ گزشتہ چند برس کے دوران ہونہار طلبا و طالبات میں اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں۔ یونیورسٹیوں و کالجوں کے بعد سکولوں اور مدارس کے طلبا و طالبات کو بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع میں دانش سکولوں جیسے اعلیٰ تدریسی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔دانش سکولزمعاشرے کے کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کیلئے بنائے گئے ہیں۔ دانش سکولز میں اعلیٰ تدریسی اداروں ایچی سن اور گرامر سکولوں سے بہتر تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔صوبے میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ نالج پارک قائم کیا جا رہا ہے۔

نالج پارک میں پاکستان کا پہلا کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ بنایا جائے گا۔ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اور اس منصوبے کو پنجاب حکومت کے سابقہ منصوبوں کی طرح شفافیت اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیفڈ کے تعاون سے ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔عوام کو جدید اور باکفایت معیاری سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔

میٹرو بسوں پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ سفر کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ برٹش کونسل کے ساتھ مستقبل میں بھی تعلیمی پروگراموں میں تعاون کا سلسلہ مزید بڑھائیں گے۔برٹش کونسل کے وفد کے ارکان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے قابل ستائش اقدامات کر رہے ہیں۔

پنجاب میں مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے موثر اقدامات ان کی فعال لیڈرشپ کے غماز ہیں۔ وفدکے ارکان نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ برٹش کونسل کے وفد میں جنوبی ایشیا کے علاقائی ڈائریکٹر سٹیفن رومن، ڈائریکٹر پاکستان پیٹر اپٹون، ڈائریکٹر پنجاب کیون میکلیون اور پراجیکٹ منیجر محمد علی شامل تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، صوبائی ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات