پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت2018ء تک صوبے کے ہر بچے کا سکول میں داخلے کا ہدف مقرر،

پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،تعلیم کیلئے پہلے بھی وسائل دئیے،آئندہ بھی دیں گے، فروغ تعلیم کے ذریعے دہشت گردی ،انتہاء پسندی ،فرقہ واریت،غربت اوربے روزگاری کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے، سکول لیڈر شپ میں بہتری کیلئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز بھرتی کرنے کی منظوری،بھرتی کا تمام عمل شفاف اورتیزرفتاری سے مکمل کیاجائے، پشاور کے سکول میں بچوں کو انتہائی بربریت اورسفاکیت کا نشانہ بنایاگیا،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار، شہبازشریف کی کرشماتی قیادت میں پنجاب حکومت تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے مثبت کام کررہی ہے،سرمائیکل باربر

جمعرات 29 جنوری 2015 20:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فروغ تعلیم کے ذریعے دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ،غربت ،بے روزگاری اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کا انحصار بھی فروغ تعلیم میں مضمر ہے، فروغ تعلیم کیلئے پہلے بھی وسائل دےئے ،آئندہ بھی دیں گے، تعلیم کے شعبہ کی ترقی کیلئے پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے نئے مرحلے کے تحت2018ء تک صوبے کے ہر بچے کا سکول میں داخلے کا ہدف مقررکیاگیا ہے،نئے اہداف کے حصول کیلئے نئے جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

وہ یہاں پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، مسز روفین جولیس،چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز خزانہ، سکول ایجوکیشن، ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر، پاکستان میں ڈیفڈ کے سربراہ رچرڈ منٹگمری، سکول ریفارمز روڈ میپ ٹیم کے ممبران اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جبکہ اجلاس کے دوران ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر، پاکستان میں ڈیفڈ کے سربراہ رچرڈ منٹگمری اور پوری ٹیم نے سانحہ پشاور کی شدیدمذمت کی اورپشاور کے آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ترقی و خوشحالی کاواحد راستہ ہے۔

تعلیم کو فروغ دئیے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی۔تعلیم کے ذریعے ہی معاشرے میں رواداری، بھائی چارے، تحمل و برداشت اور یگانگت کے جذبات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایاہے اورعلم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے تک بکھیرنے کیلئے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہپنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت نئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ 2018ء تک تمام اہداف کے حصول کیلئے 18 نکاتی نئے روڈ میپ پر من و عن عمل کرنا ہوگا۔اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے انرولمنٹ یقینی بنانے کے حوالے سے طے کردہ حکمت عملی کے مطابق آگے بڑھا جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی جنوبی پنجاب کے اضلاع میں انرولمنٹ مہم کو مزید تیز کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں۔

انرولمنٹ کے ٹارگٹ کے حصول کیلئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے۔ انرولمنٹ مہم کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے درست سمت میں موثر اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دی جائے ۔اساتدہ کی تربیت کے حوالے سے ٹیچرز ٹریننگ سینٹرز فعال بنائے جائیں۔

اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کیلئے جامع پروگرام وضع کرکے فوری عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سکول لیڈرشپ میں بہتری کیلئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز بھرتی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام شفاف اور تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے۔مستقبل میں پالیسیاں تشکیل دینے کیلئے ڈیجیٹل اور مستند ڈیٹا سے استفادہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے سانحہ پشاور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے سکول میں بچوں کو انتہائی بربریت اور سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا۔دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کی عصر حاضر کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔شہداء کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف متحد ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔سانحہ پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربرنے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کرشماتی قیادت میں پنجاب حکومت تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے مثبت کام کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :